لسبیلہ میں ڈرگ ری ہیبلیٹیشن کمپلیکس کی تعمیر کا معائنہ، بروقت تکمیل کی ہدایت
لسبیلہ: کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء نے متعلقہ محکموں کے افسران کے ہمراہ ضلع لسبیلہ میں منشیات کے عادی افراد کے علاج و بحالی کے لیے زیرِ تعمیر Treatment & Rehabilitation Complex for Drug Addicts کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے موقع پر منصوبے کے متعلقہ حکام نے کمشنر لسبیلہ ڈویژن کو کمپلیکس کی تعمیر، مجوزہ سہولیات اور مستقبل میں فراہم کی جانے والی طبی و بحالی خدمات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد منشیات کے عادی افراد کو ایک ہی چھت تلے علاج، طبی نگہداشت، نفسیاتی و سماجی کونسلنگ اور بحالی کی سہولیات میسر ہوں گی۔
کمشنر سائرہ عطاء نے زیرِ تعمیر عمارت کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے تعمیراتی کام کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور منصوبے کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ منشیات کے استعمال کے بڑھتے ہوئے رجحان کی روک تھام کے ساتھ ساتھ متاثرہ افراد کو علاج اور معاشرے میں دوبارہ فعال کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے وژن کے تحت ڈرگ فری بلوچستان انیشیٹو منشیات کے خلاف مؤثر اقدامات، علاج اور بحالی کے ذریعے ایک صحت مند اور محفوظ معاشرے کے قیام کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ لسبیلہ میں قائم کیا جانے والا یہ کمپلیکس منشیات کے عادی افراد کی بحالی اور انہیں معمول کی زندگی کی جانب واپس لانے میں مؤثر کردار ادا کرے گا۔
