یوم دفاع و شہداء کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد قومی پرچموں سے سج گیا
یوم دفاع و شہداء کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد قومی پرچموں کی بھرپور نمائش کے باعث حب الوطنی اور قومی یکجہتی کا خوبصورت منظر پیش کر رہا ہے۔ سی ڈی اے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کی جانب سے اہم شاہراہوں، عوامی مقامات، سرکاری عمارتوں اور نمایاں قومی و شہری نشانات پر سبز ہلالی پرچم آویزاں کیے گئے۔
اہم ریاستی عمارتوں، بالخصوص پارلیمنٹ ہاؤس پر قومی پرچم کی نمائش کے ذریعے پاکستان کی خودمختاری، سالمیت اور دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
سی ڈی اے اور ایم سی آئی نے شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ بھی گہری عقیدت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ اداروں کا کہنا ہے کہ یوم دفاع و شہداء محض ایک دن نہیں بلکہ تجدیدِ عہد کا موقع ہے، ہمیں شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے اتحاد، نظم و ضبط، دیانت داری اور قومی خدمت کے جذبے کے ساتھ پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
سی ڈی اے اور ایم سی آئی نے پاکستان کی بہادر مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کو بھی سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی اور ان کے خاندان پوری قوم کے لیے باعثِ احترام ہیں۔ اسلام آباد یوم دفاع و شہداء کے موقع پر پاکستان کے محافظوں کے ساتھ کھڑا ہے
