اکتوبر 6, 2026

محکمہ تعلیم ماتلی کی جانب سے ٹی ای او پرائمری میل شاھنواز مگسی ، ٹی ای او پرائمری فیمیل ساجدہ آرائین کی سربراہی میں گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول ماتلی میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ایک پروقار اور روح پرور تقریب کا انعقاد کیا گیا

0
matli-news

ماتلی: محکمہ تعلیم ماتلی کی جانب سے ٹی ای او پرائمری میل شاھنواز مگسی ، ٹی ای او پرائمری فیمیل ساجدہ آرائین کی سربراہی میں گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول ماتلی میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ایک پروقار اور روح پرور تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ایم پی اے ماتلی تنزیلہ ام حبیبہ قمبرانی، ایم پی اے ماتلی کے کوآرڈینیٹر حاجی محمد صالح ہالیپوٹہ، میونسپل کمیٹی ماتلی کے ممبر عبدالرحمان ہالیپوتہ، ڈی ڈی ای او غلام نبی باگرانی، ڈی ڈی ای او ذوالفقار مہندو، سابق ٹی ای او میل پرائمری محرم پہنور، ہیڈ مسٹریس شہنیلا شاہد اور ہیڈ مسٹریس گرلز ہائی اسکول ماتلی مصبا قمبرانی سمیت محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ کرام، طلبہ و طالبات اور معززین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ جس کے بعد طلبہ و طالبات نے بارگاہ رسالت ﷺ میں نعتیہ کلام پیش کیا۔ ننھے طلبہ نے اپنی خوبصورت آوازوں میں نعتیں پڑھ کر محفل کو روحانی کیفیت سے بھر دیا جبکہ مختلف طلبہ نے تقاریر کے ذریعے حضور اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ، اخلاق حسنہ اور انسانیت کے لیے آپ ﷺ کی تعلیمات پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر ایم پی اے ماتلی تنزیلہ ام حبیبہ قمبرانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ کی آمد پوری انسانیت کے لیے رحمت کا پیغام ہے۔ آپ ﷺ نے محبت، بھائی چارے، مساوات، عدل و انصاف اور امن کا درس دیا۔ موجودہ دور میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو سیرت النبی ﷺ کے مطابق ڈھالیں اور نئی نسل کو بھی اسلامی تعلیمات اور حضور اکرم ﷺ کی سیرت سے روشناس کرائیں۔ایم پی اے ماتلی کے کوآرڈینیٹر حاجی محمد صالح ہالیپوٹہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات کے انعقاد سے بچوں میں دینی، اخلاقی اور اسلامی اقدار کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں اور ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کو جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ اعلیٰ اخلاق اور کردار کی تربیت بھی فراہم کریں۔پی پی رہنما عبدالرحمان ہالیپوتہ نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی ﷺ ہمیں محبت، اخوت اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔تقریب کے دوران اسکول کی طالبات نے مختلف ٹیبلو، نعتیں اور تقاریر بھی پیش کیں، جنہیں شرکاء نے سراہا۔ اساتذہ کی جانب سے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی گئی اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، ترقی و خوشحالی، امن و امان اور امت مسلمہ کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے