بولان میں گیس پائپ لائن کی مرمت مکمل، کوئٹہ سمیت متعدد علاقوں کو سپلائی بحال
کوئٹہ: بولان کے علاقے میں دھماکہ خیز مواد سے تباہ کی جانے والی مرکزی گیس پائپ لائن کی مرمت مکمل ہونے کے بعد کوئٹہ سمیت متعدد علاقوں میں گیس کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق 12 اگست کو بولان میں کوئٹہ اور دیگر علاقوں کو گیس فراہم کرنے والی 18 انچ قطر کی پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد کے ذریعے نقصان پہنچایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں گیس کی سپلائی معطل ہو گئی تھی۔
پائپ لائن کی بندش سے کوئٹہ، مچھ، مستونگ، قلات اور دیگر ملحقہ علاقوں کے شہری شدید متاثر ہوئے اور انہیں روزمرہ زندگی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
سوئی سدرن گیس کمپنی نے سیکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد متاثرہ مقام پر مرمتی کام شروع کیا۔ کئی روز کی کوششوں کے بعد گزشتہ روز پائپ لائن کی مرمت مکمل کر لی گئی، جس کے بعد گیس کی سپلائی دوبارہ بحال ہونا شروع ہو گئی۔
گیس بحالی کے بعد طویل عرصے سے مشکلات کا سامنا کرنے والے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا، جبکہ کمپنی کے مطابق متاثرہ علاقوں میں گیس کی فراہمی مرحلہ وار معمول پر آ رہی ہے۔
