وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کے احکامات اور عوامی مسائل کے فوری حل کی پالیسی کے تحت ضلع صحبت پور میں کھلی کچہری کا انعقاد
صحبت پور 20 اگست ۔: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کے احکامات اور عوامی مسائل کے فوری حل کی پالیسی کے تحت ضلع صحبت پور میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین نے کی۔ کھلی کچہری میں ضلع کے تمام متعلقہ محکموں کے ڈسٹرکٹ ہیڈز، افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی، جبکہ ضلع بھر سے عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے اپنے درپیش مسائل کے متعلق تحریری اور زبانی طور پر ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ افسران کو آگاہ کیا۔ کھلی کچہری میں شہریوں نے تعلیم، امن و امان، ایریگیشن کے مسائل، آبنوشی، بجلی، ریونیو، سڑکوں، صفائی، نکاسی آب دیگر بنیادی نوعیت کے مسائل پیش کیے ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین نے سائلین کی شکایات اور مسائل کو نہایت توجہ اور تحمل سے سنا اور کئی شکایات پر موقع پر ہی متعلقہ افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جائے جبکہ دیگر مسائل کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کے افسران کو واضح ہدایات جاری کی گئیں اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین نے کہا کہ کھلی کچہری کے انعقاد کا بنیادی مقصد عوام اور انتظامیہ کے درمیان براہِ راست رابطے کو مضبوط بنانا اور شہریوں کو ان کے مسائل کے حل کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کی خدمت کے لیے ہر وقت دستیاب ہے اور کسی بھی شہری کو اپنے جائز مسئلے کے حل کے لیے غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کو محض کاغذی کارروائی تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور سائلین کو بروقت ریلیف فراہم کیا جائے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی واضح پالیسی ہے کہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور سرکاری اداروں کی کارکردگی کو عوامی خدمت کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جائے انہوں نے سائلین کو یقین دہانی کرائی کہ کھلی کچہری میں پیش کیے گئے تمام جائز مسائل کا متعلقہ محکموں کے ذریعے ازالہ کیا جائے گا اور ان پر پیش رفت کی نگرانی بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور عوام کے درمیان رابطے کے لیے کھلی کچہریاں انتہائی اہم ہیں، کیونکہ اس فورم کے ذریعے نہ صرف عوام کی شکایات براہِ راست سامنے آتی ہیں بلکہ متعلقہ افسران کو بھی موقع پر مسائل کی نوعیت اور شدت کا اندازہ ہوتا ہے ڈپٹی کمشنر نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے جائز مسائل انتظامیہ کے سامنے پیش کریں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے زیادہ سے زیادہ عوامی مسائل حل کیے جا سکیں۔ کھلی کچہری کے اختتام پر سائلین نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مسائل سننے اور متعدد شکایات پر فوری احکامات جاری کرنے کے اقدام کو سراہا۔
