پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا دفاعی معاہدہ مسلم دنیا کے اتحاد اور اجتماعی سلامتی کی جانب تاریخی قدم ہے، بابر یوسفزئی
معاون برائے داخلہ حکومت بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا ھے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والا تاریخی دفاعی معاہدہ نہ صرف تین برادر ممالک کے درمیان مضبوط اعتماد اور دوستی کی علامت ہے بلکہ خطے میں اجتماعی سلامتی، استحکام اور امن کے لیے ایک اہم سنگِ میل بھی ہے۔
معاون محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی کا کہنا تھا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا یہ دفاعی تعاون اس بات کا واضح اظہار ہے کہ تینوں برادر ممالک اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور علاقائی امن کے تحفظ کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مضبوط دفاعی صلاحیت، ترکیہ کی جدید دفاعی ٹیکنالوجی اور سعودی عرب کی معاشی و سفارتی اہمیت تینوں ممالک کو ایک منفرد اور مضبوط شراکت داری فراہم کرتی ہے۔ یہ تعاون خطے میں طاقت کے توازن، امن اور استحکام کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
بابر یوسفزئی نے کہا کہ اس معاہدے کو کسی ملک کے خلاف محاذ آرائی کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے بلکہ یہ تینوں ممالک کے دفاع، خودمختاری اور باہمی سلامتی کے عزم کا مظہر ہے۔ مضبوط دفاع دراصل پائیدار امن کی بنیاد بنتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا ایک دوسرے کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہونا پوری دنیا کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ برادر ممالک اپنے مشترکہ مفادات، امن اور سلامتی کے لیے متحد ہیں۔
یہ معاہدہ پاکستان کے لیے ایک قابلِ فخر سفارتی اور دفاعی پیش رفت ہے۔ ہمیں اپنی بہادر مسلح افواج، اپنی قومی قیادت اور اپنے برادر ممالک سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ اس مضبوط شراکت داری پر فخر ہے۔ یہ اتحاد خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے ایک نئے دور کی بنیاد بن سکتا ہے
