اگست 18, 2026

وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو کا کوئٹہ کے مختلف علاقوں کا دورہ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

0
Balochistan-Interior-Minist

کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے اتوار کے روز کوئٹہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جن میں ایئرپورٹ روڈ، کچلاک اور مغربی بائی پاس شامل ہیں۔ دورے کے دوران انہوں نے یوم آزادی کے موقع پر کیے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ جشن آزادی کسی بھی قوم کے لیے ایک خاص دن ہوتا ہے اور زندہ قومیں ایسے دنوں کو جوش و جذبے کے ساتھ مناتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست کے موقع پر اہل بلوچستان اور کوئٹہ کے عوام بھی بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ جشن آزادی منا رہے ہیں۔

میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ عوام کو سکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور یوم آزادی کے موقع پر شہریوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔

انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی جانب سے ایک عظیم نعمت ہے۔ نوجوان تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کریں۔

صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ جو نوجوان دشمن کے کہنے یا ورغلانے پر پہاڑوں کا رخ کر رہے ہیں، انہیں یہ راستہ ترک کرنا ہوگا۔ پاکستان ہمارا ملک اور بلوچستان ہمارا صوبہ ہے، نوجوان اس لاحاصل جنگ کو چھوڑ کر ملک و قوم کی خدمت کریں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان تعلیم، ٹیکنالوجی اور سیاست کے میدان میں آگے بڑھیں اور اپنی صلاحیتوں کو بلوچستان اور پاکستان کی ترقی کے لیے استعمال کریں۔ حقوق کے حصول کا بہترین راستہ دنیا بھر میں جمہوری طریقہ ہے۔ نوجوان پارلیمنٹ میں آکر اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور بلوچستان کو خوشحال بنانے میں کردار ادا کریں۔

علاقائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ تین اسلامی ممالک کے درمیان دفاعی معاہدہ اور اتحاد دنیا کے لیے امن کا پیغام ہے۔ دوست ممالک کا دفاع مضبوط ہوگا تو کوئی بھی ملک انہیں میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کا اتحاد پہلے ہی ناقابل تسخیر تھا اور اب دنیا کی کوئی بھی بڑی طاقت اس اتحاد کو بری نظر سے نہیں دیکھ سکتی۔

صوبائی وزیر داخلہ نے بھارت پر مختلف ممالک میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پیسوں کے ذریعے افغانستان کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے خریدے گئے دہشت گرد افغانستان میں حکومت کی ناک کے نیچے بیٹھ کر دہشت گردوں کو تربیت دے رہے ہیں۔

میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ افغانستان ہمارا برادر اور ہمسایہ ملک ہے، تاہم ان کے بقول اس وقت افغان حکومت بھارت کے ہاتھوں میں کھیل کر مسلمانوں کا خون بہا رہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ افغان طالبان حکومت کے ہاتھ مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مساجد کو نشانہ بنانے اور معصوم و بے گناہ شہریوں کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ مساجد اور بے گناہ انسانوں کو نشانہ بنانا کہاں کی انسانیت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے