نائٹروجینس کھاد (یوریا) کی خرید و فروخت، ترسیل اور سپلائی سے متعلق ایڈوائزری جاری
بلوچستان میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومت بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ سیوی نے نائٹروجینس کھاد (یوریا) کی خرید و فروخت، ترسیل اور سپلائی سے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی۔حکومت بلوچستان کی ہدایت پر محکمہ زراعت (توسیعی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نائٹروجینس فرٹیلائزرز کی نقل و حمل، خرید و فروخت، سپلائی اور تقسیم پر 15 روز کے لیے پابندی عائد کر دی گئی ہے تاکہ ان کھادوں کے ممکنہ غیر قانونی استعمال اور تخریبی سرگرمیوں کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ سیوی نے ضلع بھر کے تمام یوریا کھاد ڈیلرز، دکانداروں، گودام مالکان اور ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ پابندی کے دوران ہر قسم کی نائٹروجینس کھاد، خصوصاً یوریا، کیلشیم امونیم نائٹریٹ، امونیم نائٹریٹ اور پوٹاشیم نائٹریٹ کی خرید و فروخت، سپلائی، ترسیل اور تقسیم مکمل طور پر بند رکھیں۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام موجودہ ذخائر کا مکمل ریکارڈ اور انوینٹری محفوظ رکھی جائے اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ڈیلر، دکاندار یا ٹرانسپورٹر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ سیوی کے مطابق یہ اقدام عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور حساس صورتحال کے پیش نظر حکومت بلوچستان کی ہدایات کے مطابق کیا گیا ہے۔ پابندی کی مدت مکمل ہونے کے بعد مجاز اتھارٹی کی ہدایات کے مطابق آئندہ کے لائحہ عمل سے تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا جبکہ حکومت بلوچستان نائٹروجینس فرٹیلائزرز کی خرید و فروخت اور ترسیل کے حوالے سے باقاعدہ ایس او پیز بھی مرتب کرے گی۔
