اگست 18, 2026

سورینج کوئلہ کان حادثہ: جاں بحق کان کنوں کے ورثا کے لیے فی کس 5 لاکھ روپے امداد کا اعلان

0
sahid rind balochistan

کوئٹہ (31 جولائی): معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا ہے کہ سورینج میں پیش آنے والے افسوسناک کوئلہ کان حادثے میں جاں بحق ہونے والے کان کنوں کے لواحقین کے لیے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے فی کس پانچ لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔

شاہد رند کے مطابق جاں بحق کان کنوں کی میتیں ان کے آبائی علاقوں تک باعزت طریقے سے پہنچانے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ مائنز اینڈ منرلز، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیمیں جائے حادثہ پر امدادی اور ریسکیو کارروائیوں میں بھرپور انداز میں مصروف ہیں، جبکہ تمام ادارے باہمی رابطے کے ذریعے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔

معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان اس افسوسناک سانحے پر جاں بحق کان کنوں کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہ امدادی سرگرمیوں میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی نہ برتی جائے اور متاثرہ خاندانوں کی فوری امداد اور معاونت کو یقینی بنایا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے