وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا قائد اعظم لائبریری کو پاکستان کی مثالی بنانے کا اعلان
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قائد اعظم لائبریری کے طلبہ کی اپیل کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انہیں چیف منسٹر سیکرٹریٹ مدعو کیا اور ان کے مسائل سنے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے تین ماہ کے اندر قائد اعظم لائبریری کوئٹہ کو پاکستان کی مثالی لائبریری بنانے کا اعلان کیا۔
ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے لائبریری میں جدید ڈیجیٹل لیب کے قیام، نئے ایڈیشن کی کتابوں کی فراہمی، کولنگ سسٹم کی بہتری اور سولر سسٹم کو مکمل طور پر فعال بنانے کی سخت ہدایات جاری کیں۔
میر سرفراز بگٹی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ:
"اپنے نوجوانوں کی ہر سطح پر بات سنیں گے اور ریاست و نوجوانوں کے درمیان موجود فاصلے ختم کریں گے۔ نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور ترقی کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ قائد اعظم لائبریری میں جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی سے طلبہ کو تحقیق اور مطالعے کے بہترین مواقع میسر آئیں گے۔ تعلیم، تحقیق اور نوجوانوں کی استعداد کار میں سرمایہ کاری حکومت بلوچستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور صوبے کے تعلیمی اداروں و لائبریریوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے جامع منصوبے پر عملدرآمد جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ کا عزم تھا کہ باشعور، تعلیم یافتہ اور باصلاحیت نوجوان ہی بلوچستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، اور حکومت نوجوانوں کی ہر ممکن سرپرستی کرے گی۔
آخر میں، قائد اعظم لائبریری کوئٹہ کے طلبہ نے بروقت نوٹس لینے اور مطالبات کی منظوری پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے خصوصی اظہارِ تشکر کیا۔
