اگست 18, 2026

بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی

0
Balochistan Chief Minister Sarfraz Bugti presiding over the Investment and Trade Board meeting in Quetta

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں بورڈ کے مختلف مالیاتی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا اور متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی زاہد سلیم، بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے وائس چیئرمین بلاول خان کاکڑ، چیف ایگزیکٹو آفیسر قائم خان لاشاری، پرنسپل سیکرٹری عمران زرکون اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے مختلف ایجنڈوں پر تفصیلی غور کیا گیا، جبکہ بورڈ آف گورنرز نے مالیاتی اور انتظامی معاملات سے متعلق متعدد تجاویز کی منظوری بھی دی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سرمایہ کاروں کو شفاف، سازگار اور کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل، جغرافیائی اہمیت اور معاشی امکانات کے اعتبار سے ایک باصلاحیت صوبہ ہے، جہاں سرمایہ کاری، صنعت اور تجارت کے شعبوں میں وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان امکانات سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے صوبے کی معاشی ترقی کو نئی سمت دی جائے گی۔

میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کو ہدایت کی کہ سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے، سرمایہ کاری کے عمل کو مزید آسان بنانے اور نجی شعبے کے اعتماد کو مضبوط کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان سرمایہ کاری کے فروغ، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے