نومبر 1, 2026

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا بولیدہ، کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی پر اظہارِ اطمینان

0
cmm

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع کیچ کے علاقے میناز، بولیدہ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مستعدی کو سراہا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں امن دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ناگزیر ہیں۔ میناز، بولیدہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد کو ہلاک کرنا سیکیورٹی فورسز کی اہم کامیابی ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دو خواتین کو اپنے ہمراہ لے جانے والے دہشت گردوں کے خلاف بروقت کارروائی سیکیورٹی فورسز کی مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا واضح مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے سیکیورٹی ادارے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھی جائیں گی۔ بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک ریاست کا عزم غیر متزلزل رہے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں امن و استحکام کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے