حکومت بلوچستان مریضوں کے تحفظ اور طبی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کو مؤثر بنائے گی تاکہ عوام کو بروقت اور محفوظ طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ ۔میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ورلڈ پیشنٹ سیفٹی ڈے کے موقع پر مریضوں کو محفوظ، معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر مریض کو معیاری اور محفوظ طبی نگہداشت فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان صحت کے شعبے میں اصلاحات اور طبی سہولیات کی بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ ہسپتالوں میں سہولیات کی بہتری، طبی عملے کی استعدادِ کار میں اضافے اور جدید طبی نظام کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دل، ذیابیطس، کینسر اور دیگر غیر متعدی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے لیے محفوظ، معیاری اور مسلسل طبی نگہداشت انتہائی ضروری ہے۔ مریضوں کا تحفظ صحت کے مؤثر نظام کی بنیادی ترجیح ہے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان مریضوں کے تحفظ اور طبی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کو مؤثر بنائے گی تاکہ عوام کو بروقت اور محفوظ طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
