نومبر 2, 2026

سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو

0
meer-zia-langove

کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے قلعہ سیف اللہ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران اہم دہشت گرد کمانڈر کے خاتمے کو دہشت گردی کے خلاف مؤثر حکمت عملی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔

اپنے بیان میں میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، جبکہ اہم دہشت گرد کمانڈر کا خاتمہ امن دشمن عناصر کے لیے واضح پیغام ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی اداروں کی مسلسل کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔ دہشت گردوں کے نیٹ ورکس اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مؤثر کارروائیاں وقت کی اہم ضرورت ہیں تاکہ صوبے میں پائیدار امن قائم کیا جا سکے۔

وزیر داخلہ بلوچستان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ بلوچستان کے عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

میر ضیاء اللہ لانگو نے مزید کہا کہ بلوچستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دہشت گردی کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ دہشت گردی کی معاونت کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہنی چاہئیں تاکہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے