نومبر 2, 2026

نوشکی گرلز ڈگری کالج میں فائرنگ سے زخمی طالبات کی عیادت، علاج کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی، بخت محمد کاکڑ

0
babar-yousafzai

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اور معاون برائے محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی نے نجی ہسپتال پہنچ کر نوشکی گرلز ڈگری کالج میں فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والی طالبات کی عیادت کی اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ زخمی طالبات کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ ان کے علاج معالجے کے تمام اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ طالبات نے مشکل حالات میں جس جرأت اور بہادری کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔

بخت محمد کاکڑ کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کو نشانہ بنا کر دشمن ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتا۔ طالبات کی صحت اور علاج حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور انہیں ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اس موقع پر معاون برائے محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر وہ زخمی طالبات کی عیادت کے لیے ہسپتال پہنچے ہیں اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

بابر یوسفزئی نے دعویٰ کیا کہ نوشکی گرلز ڈگری کالج میں حملے میں فتنۃ الہندوستان کے سہولت کار ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بقول، فتنۃ الہندوستان کے عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

صوبائی وزیر صحت اور معاون برائے محکمہ داخلہ نے زخمی طالبات کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ حکومت بلوچستان ان کے علاج اور ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے