نومبر 1, 2026

ایک ہفتے کے اندر لسبیلہ میں ڈائلیسز سینٹر کا افتتاح کیا جائے گا،سول اسپتال اوتھل کو دو نئی ایمبولینسیں فراہم کی جائیں گی، صوبائی وزیر صحت میر بخت محمد کاکڑ

0
ddsxxxxc

اوتھل : صوبائی وزیر صحت بلوچستان میر بخت محمد کاکڑ نے اعلان کیا ہے کہ ضلع لسبیلہ میں ایک ہفتے کے اندر ڈائلیسز سینٹر کا افتتاح کیا جائے گا، جبکہ سول اسپتال اوتھل کو جلد دو نئی ایمبولینسیں فراہم کی جائیں گی۔ ڈائلیسز سینٹر کے لیے درکار عملہ بھی مہیا کیا جائے گا تاکہ گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوتھل میں یونیسیف کے تعاون سے تعمیر کیے گئے صوبائی ڈرائی اسٹوریج ویئر ہاؤس اور 250 کلوواٹ سولر پاور سسٹم کی افتتاحی تقریب اور سول اسپتال اوتھل کے دورے کے موقع پر کیا۔صوبائی وزیر صحت میر بخت محمد کاکڑ نے یونیسیف بلوچستان کی چیف آف فیلڈ آفس محترمہ فٹسُم آسیفا (Fitsum Assefa) اور سیکریٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمٰن پانیزئی کے ہمراہ منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر کمشنر قلات ڈویژن سائرہ عطاء، ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ اور ڈی ایچ او لسبیلہ ڈاکٹر سید فرید اللہ شاہ ہاشمی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ لسبیلہ میں قائم ویئر ہاؤس علاقے کے عوام کے لیے ایک بڑی نعمت ہے، جہاں سے لسبیلہ ڈویژن سمیت بلوچستان کے دیگر ڈویژنز میں بھی ادویات اور ضروری طبی سامان تقسیم کیا جائے گا۔ یونیسیف نے اس منصوبے کے ذریعے صحت کے شعبے میں ایک اہم مسئلے کو حل کرنے میں تعاون کیا ہے، جبکہ اس سہولت سے ادویات کی سپلائی چین کو مزید مؤثر اور بہتر بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن کے قیام کا بنیادی مقصد عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے۔ لسبیلہ میں ٹراما سینٹر کے قیام کے لیے وزیراعلیٰ بلوچستان سے مشاورت کی جائے گی، کیونکہ موجودہ حکومت کی ترجیح ہے کہ بلوچستان کے ہر شہری کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔میر بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ تھیلیسیمیا جیسے موروثی مرض کی روک تھام کے لیے متعلقہ ایکٹ منظور کر لیا گیا ہے، جبکہ دیگر اضلاع کی طرح لسبیلہ میں بھی تھیلیسیمیا سینٹر قائم کیا جائے گا تاکہ اس مرض میں مبتلا مریضوں کو مقامی سطح پر علاج کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ صحت میں ملازمین کی حاضری یقینی بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی حاضری کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ اس نظام کے تحت غیر حاضر ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے اور قواعد کے مطابق تنخواہوں میں کٹوتی بھی کی جاتی ہے۔سول اسپتال اوتھل کا دورہ، مسائل پر بریفنگ،،صوبائی وزیر صحت نے سول اسپتال اوتھل کا تفصیلی دورہ بھی کیا، جہاں ایم ایس ڈاکٹر اویس واجد نے انہیں اسپتال کو درپیش مسائل، طبی سہولیات اور دیگر ضروریات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر چیئرمین لسبیلہ چیف ٹرائبل سردار غلام فاروق شیخ، چیئرمین میونسپل کمیٹی اوتھل سید سومار شاہ کاظمی، وائس چیئرمین وسیم احمد اور پی ایس اعجاز علی سمیت دیگر شخصیات نے صوبائی وزیر صحت سے ملاقات کی۔ وفد نے لسبیلہ میں ٹراما سینٹر کے قیام اور عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے تحریری درخواستیں پیش کیں۔افتتاحی تقریب میں کمشنر قلات ڈویژن سائرہ عطاء، ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ، ڈی ایچ او لسبیلہ ڈاکٹر سید فرید اللہ شاہ ہاشمی، ایس ایس پی لسبیلہ نجیب اللہ پندرانی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سراج کریم بلوچ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو آفتاب احمد موندرہ، پی پی ایچ آئی کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر منصور، ایم اینڈ ای آفیسر عمران ستار کھوسہ اور ایم ایس سول اسپتال اوتھل ڈاکٹر اویس واجد سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔واضح رہے کہ صوبائی ڈرائی اسٹوریج ویئر ہاؤس اور 250 کلوواٹ سولر پاور سسٹم کا منصوبہ یونیسیف نے ویکسین الائنس (Gavi) کے تعاون سے مکمل کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ویکسین اور دیگر ضروری طبی سامان کی محفوظ ذخیرہ اندوزی کے لیے جدید ویئر ہاؤس تعمیر کیا گیا ہے، جبکہ بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے 250 کلوواٹ کا سولر پاور سسٹم بھی نصب کیا گیا ہے۔ اس سہولت سے بلوچستان میں ادویات اور ویکسین کی محفوظ ترسیل اور تقسیم کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر صحت بلوچستان میر بخت محمد کاکڑ سے پیپلز پارٹی لسبیلہ کے وفد نے بھی ملاقات کی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے