ستمبر 2, 2026

حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس اور بدین کے صحافیوں کی کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی اور ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو سے ملاقات، عوامی اور صحافیوں کے مسائل اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال

0
matli-news

ماتلی : حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداران اور بدین کے صحافیوں کے وفد نے حیدرآباد میں کمشنر حیدرآباد ڈویژن فیاض حسین عباسی اور ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جس میں صحافیوں کو درپیش مسائل، امن و امان کی صورتحال، عوامی مشکلات اور مقامی سطح پر درپیش دیگر اہم مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کے سینئر نائب صدر تنویر احمد آرائیں، جنرل سیکریٹری جام فرید لاکھو، ایوانِ صحافت بدین کے صدر حاجی خالد محمود گھمن، ایچ یو جے بدین ڈسٹرکٹ کے عہدیداران، ماتلی کے نوجوان صحافی دلمراد کمبوہ اور بابر مغل سمیت دیگر صحافی موجود تھے۔
صحافیوں کے وفد نے ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو کو ماتلی کے صحافی دلمراد کمبوہ اور ان کے بھائی کو مبینہ طور پر جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔ وفد نے بتایا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران ان کی دکان اور پیٹرول پمپ یونٹ پر مبینہ طور پر چوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتیں ہوچکی ہیں، جن کے باعث نہ صرف مالی نقصان ہوا بلکہ متاثرہ خاندان میں شدید تشویش اور عدم تحفظ کی صورتحال بھی پیدا ہوئی ہے۔ وفد نے ڈی آئی جی حیدرآباد سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کے خلاف موثر کارروائی کی جائے چوری کی گئی رقم کی برآمدگی اور صحافی دلمراد کمبوہ اور ان کے اہلِ خانہ کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو نے صحافیوں کے تحفظات کو سنجیدگی سے سنتے ہوئے فوری طور پر ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی سے رابطہ کیا اور انہیں صحافیوں سے ملاقات کرکے ان کی شکایات اور تحفظات کا ازالہ کرنے، چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری اور مبینہ طور پر چوری کی گئی نقد رقم کی برآمدگی کے لیے موثر اقدامات کی ہدایت کی۔ ڈی آئی جی نے صحافیوں کو یقین دہانی کرائی کہ قانون کی عملداری اور شہریوں کے تحفظ کے لیے پولیس اپنا کردار ادا کرے گی۔ دوسری جانب کمشنر حیدرآباد ڈویژن فیاض حسین عباسی سے ملاقات کے دوران صحافیوں نے بدین سمیت حیدرآباد ڈویژن میں عوام کو درپیش مختلف مسائل، بنیادی سہولیات کی صورتحال اور صحافتی برادری کو درپیش مشکلات سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر حیدرآباد ڈویژن فیاض حسین عباسی نے کہا کہ حکومت سندھ عوام کی فلاح و بہبود، سندھ کی تعمیر و ترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ انتظامیہ کی کوشش ہے کہ عوامی مسائل کی نشاندہی کے بعد ان کے حل کے لیے عملی اور موثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور صحافیوں کے درمیان رابطے کو مزید بہتر اور مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ مقامی سطح پر عوام کو درپیش مسائل، مشکلات اور بنیادی سہولیات سے متعلق شکایات بروقت انتظامیہ تک پہنچ سکیں اور ان کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جا سکیں۔ کمشنر فیاض حسین عباسی نے کہا کہ صحافی معاشرے کا آئینہ ہوتے ہیں اور وہ عوامی مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ انتظامیہ کی رہنمائی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ صحافیوں کی جانب سے نشاندہی کیے جانے والے عوامی مسائل کو انتظامیہ کے لیے اہم معلومات سمجھا جاتا ہے، جن کی بنیاد پر مسائل کے حل اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ صحافیوں کے وفد نے کمشنر حیدرآباد اور ڈی آئی جی حیدرآباد کی جانب سے صحافیوں کے مسائل سننے اور فوری کارروائی کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ انتظامیہ اور صحافتی برادری کے درمیان باہمی رابطہ مستقبل میں مزید مضبوط ہوگا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ طور پر مؤثر کردار ادا کیا جائے گا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے