ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ کی زیرِ صدارت نیو ٹاون ہاوسنگ اسکیم میں ناجائز تجاوزات اور غیر قانونی قبضوں سے متعلق ایک اہم اجلاس
گوادر، 20 اگست ۔: ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ کی زیرِ صدارت نیو ٹاون ہاوسنگ اسکیم میں ناجائز تجاوزات اور غیر قانونی قبضوں سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اصل پلاٹ مالکان کی جانب سے پیش کی گئی شکایات اور درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران اصل پلاٹ مالکان کی شکایات سنی گئیں اور متعلقہ ریکارڈ، تجاوزات اور غیر قانونی قبضوں سے متعلق امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اصل پلاٹ مالکان کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے اور تمام معاملات کو قانون، ضابطے اور دستیاب ریکارڈ کی روشنی میں شفاف انداز میں حل کیا جائے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیو ٹاون ہاوسنگ اسکیم میں موجود تمام ناجائز تجاوزات اور غیر قانونی قبضوں کا خاتمہ کرتے ہوئے قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد پلاٹ ان کے اصل اور حقدار مالکان کے حوالے کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں متعلقہ محکموں کو باہمی رابطے کے ذریعے کارروائی کو موثر اور تیز بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نے کہا کہ سرکاری و نجی اراضی پر غیر قانونی قبضہ اور تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی، جبکہ شہریوں کے جائز حقوق کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شکایات کے ازالے میں شفافیت، میرٹ اور قانونی تقاضوں کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھا جائے۔اجلاس میں پی ڈی نیو ٹاون (اے ڈی سی جنرل) ڈاکٹر عبدالشکور، اسسٹنٹ کمشنر اورماڑہ ڈاکٹر ماہ نور برکت، نائب تحصیلدار اورنگزیب حفیظ، نائب تحصیلدار مومن نظر، نائب تحصیلدار مطیع اللہ، نیو ٹاون ہاوسنگ اسکیم کے نمائندے دودا بلوچ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ، ان کے قانونی حقوق کا تحفظ اور سرکاری و نجی اراضی پر غیر قانونی قبضوں کا خاتمہ یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
