گڈانی پولیس کی کامیاب کارروائی، بجلی کی چوری شدہ تاروں سمیت ملزم گرفتار
گڈانی: شہر میں بجلی کی تاریں چوری کرنے والے مبینہ ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے تقریباً 30 کلو گرام چوری شدہ بجلی کی تاریں برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس پی حب مرزا بلال حسن کی خصوصی ہدایات پر ڈی ایس پی حب سرکل امام یعقوب بلوچ کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ گڈانی مٹھا خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ شہریوں کی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے بجلی کی تاروں کی چوری میں ملوث ملزم نزیر احمد کو گرفتار کیا۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے تقریباً 30 کلو گرام بجلی کی چوری شدہ تاریں برآمد کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، جبکہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا، کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
