ماتلی کے نواحی گاؤں کالو سہتو کی رہائشی فرزانہ لوری نے اپنے معذور والد عبدالغفور اور والدہ زاہدہ کے ہمراہ ماتلی پریس کلب پہنچ گئی
ماتلی (رپورٹ دلمراد کمبوہ) ماتلی کے نواحی گاؤں کالو سہتو کی رہائشی فرزانہ لوری نے اپنے معذور والد عبدالغفور اور والدہ زاہدہ کے ہمراہ ماتلی پریس کلب پہنچ کر سسرالیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ خلع کا دعوی دائر کرنے پر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ماتلی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فرزانہ لوری نے بتایا کہ دو سال قبل ان کی شادی اسلم لوری سے ہوئی تھی تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ ان کا شوہر مبینہ طور پر نشے اور جوئے کا عادی ہے۔ ان کے مطابق شوہر گزشتہ سات ماہ سے انہیں چھوڑ کر چلا گیا ہے۔ جس کے بعد وہ اپنے والدین کے گھر رہائش پذیر ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شوہر کے خلاف عدالت میں خلع کی درخواست دائر کرنے کے بعد سسرالی رشتہ دار ان کے مخالف ہوگئے ہیں۔فرزانہ لوری کا الزام ہے کہ وہ آج اپنے سسرال گئیں تو انہیں خلع کا دعوی واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالا گیا اور مبینہ طور پر مارپیٹ کرکے شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔متاثرہ خاتون نے اعلی حکام اور پولیس افسران سے اپیل کی ہے کہ واقعے کا نوٹس لے کر ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے انہیں تحفظ فراہم کیا جائے اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں۔
