بلوچستان کے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پائیدار امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی خدمات اور قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں.بابر خان یوسفزئی
کوئٹہ: معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر خان یوسفزئی نے مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں بابر خان یوسفزئی نے کہا کہ فتنۃ الہندوستان سے وابستہ 15 دہشتگردوں کو ہلاک کرنا سیکیورٹی فورسز کی اہم کامیابی ہے۔ دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانوں کی تباہی اور بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود کی برآمدگی بھی سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مستونگ کے مختلف علاقوں کو دہشتگردوں کے وجود سے پاک کرنا بلوچستان میں امن کے قیام کی جانب ایک قابلِ ذکر پیش رفت ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے مؤثر حکمت عملی اور بروقت کارروائی کے ذریعے دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنا دیے۔
بابر خان یوسفزئی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پائیدار امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی خدمات اور قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی ہر کامیابی بلوچستان کے روشن اور پُرامن مستقبل کی ضمانت ہے۔
معاون برائے داخلہ بلوچستان نے واضح کیا کہ فتنۃ الہندوستان اور اس کے سہولت کاروں کو بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ریاست دشمن عناصر کے خلاف پوری قوم اور حکومت سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
