مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 15 دہشتگرد ہلاک. شاہد رند
کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 15 دہشتگردوں کا خاتمہ سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم کا مظہر ہے۔
شاہد رند کا کہنا تھا کہ کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کرنے کے ساتھ بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جو ایک اہم کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کلی پسند خان، موسیٰ خان، خراسانی اور کفتاری کے علاقوں کو دہشتگردوں سے کلیئر کرانا قابلِ تحسین پیش رفت ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائیوں کے ذریعے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔
معاون اطلاعات بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابلِ قدر ہیں۔
شاہد رند نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔
