نومبر 22, 2026

بلوچستان میں بدامنی پھیلانے والے دہشت گرد عناصر کے لیے اب کوئی محفوظ ٹھکانہ باقی نہیں رہے گا۔بابر یوسفزئی

0
babar-yousaf-zai

کوئٹہ: معاون برائے محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے کولپور میں فتنہ الہندوستان سے منسلک آٹھ دہشت گردوں کی ہلاکت کو سکیورٹی فورسز کی اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور غیر متزلزل عزم کا واضح ثبوت ہے۔

اپنے بیان میں بابر یوسفزئی نے کہا کہ بلوچستان میں بدامنی پھیلانے والے دہشت گرد عناصر کے لیے اب کوئی محفوظ ٹھکانہ باقی نہیں رہے گا۔ دہشت گردی کے ذریعے صوبے میں خوف و ہراس پھیلانے اور قومی شاہراہوں کو غیر محفوظ بنانے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سرزمین امن دشمن عناصر کے لیے تنگ کر دی جائے گی اور ریاست کی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی۔ دہشت گرد جدید ڈرون ٹیکنالوجی یا دیگر تخریبی حربوں کے ذریعے ریاست کے عزم اور حوصلے کو کمزور نہیں کر سکتے۔ دہشت گردی کے بدلتے ہوئے طریقہ کار سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی ادارے اپنی صلاحیتوں اور حکمت عملی کو مزید مؤثر بنا رہے ہیں۔

بابر یوسفزئی نے کارروائی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شہادت پوری قوم کے لیے گہرے دکھ اور افسوس کا باعث ہے۔ شہداء نے وطن عزیز کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، قوم اپنے بہادر شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور ان کی قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا قابلِ فخر باب ہیں۔

معاون برائے داخلہ نے کہا کہ کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ سمیت بلوچستان کی تمام اہم شاہراہوں پر عوام کی محفوظ نقل و حرکت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ صوبے میں امن و استحکام، معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے محفوظ ماحول کا قیام ناگزیر ہے۔ دہشت گردی کے ذریعے بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کا راستہ روکنے والوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی حکمت عملی پر مؤثر عملدرآمد جاری رہے گا۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی لازوال قربانیاں ملک میں پائیدار امن کی ضمانت ہیں۔

بابر یوسفزئی کا کہنا تھا کہ محکمہ داخلہ بلوچستان امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطے اور تعاون کو یقینی بنا رہا ہے۔ بلوچستان کے عوام کو خوف سے پاک اور محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور بلوچستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کے سفر کو ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے