ماتلی اور گردونواح میں چوری، ڈکیتی اور رہزنی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے شہریوں، تاجروں اور کاروباری طبقے میں شدید تشویش پیدا کردی ہے
ماتلی (رپورٹ دلمراد کمبوہ) تحصیل ماتلی اور گردونواح میں چوری، ڈکیتی اور رہزنی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے شہریوں، تاجروں اور کاروباری طبقے میں شدید تشویش پیدا کردی ہے۔ تھانہ گلاب لغاری کی حدود میں مسلح افراد نے ایک کمپنی کے سیلزمین بلال سے موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش کی تاہم سیلز مین بلال کی جانب سے مزاحمت کرنے پر ملزمان نے اسے تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کردیا۔ واقعے کے دوران علاقہ مکینوں کے بروقت پہنچنے پر مسلح ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ایک ماہ قبل بھی ٹنڈو محمد خان کے صحافی فرخ قریشی سے بھی ٹنڈو غلام علی روڈ پر تین مسلح افراد نے ایک لاکھ پچاس ہزار روپے نقدی اور موبائل فون لوٹ لیا تھا جس کی رپورٹ ٹنڈو غلام علی تھانے میں درج ہونے باوجود تاحال ملزمان تاحال گرفتار نہ ہوسکے ہیں۔ جس سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال پر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ چوری اور ڈکیتی کی مسلسل وارداتوں کے باعث وہ خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں جبکہ محنت مزدوری اور کاروباری سلسلے میں سفر کرنے والے افراد بھی جرائم پیشہ عناصر کے خوف میں مبتلا ہیں۔شہریوں اور تاجر برادری نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی حیدرآباد، ایس ایس پی بدین اور ڈی ایس پی ماتلی سے مطالبہ کیا ہے کہ ماتلی اور گردونواح میں بڑھتی ہوئی چوری، ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں کا فوری نوٹس لیا جائے حالیہ واقعات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے مسروقہ سامان برآمد کیا جائے اور پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
