وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے خضدار کی سماجی رہنماء امینہ شفیع کی ملاقات، یتیم بچوں کی کفالت و تعلیم کے لیے خدمات کو سراہا
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے خضدار کی متحرک اور باہمت سماجی رہنماء امینہ شفیع نے ملاقات کی، جس میں یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت، تعلیم اور بہتر مستقبل کے لیے ان کی جانب سے جاری سماجی خدمات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے امینہ شفیع کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت اور تعلیم کی ذمہ داری اٹھانے کے جذبے، حوصلے اور خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں اصل عظمت دوسروں کے دکھ درد کو اپنا سمجھنے اور بے سہارا لوگوں کا سہارا بننے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ امینہ شفیع جیسی باہمت بیٹیاں ہمارے معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں، جو اپنی عملی جدوجہد کے ذریعے انسانیت، ہمدردی اور احساسِ ذمہ داری کی روشن مثال قائم کر رہی ہیں۔ یتیم بچوں کی کفالت اور تعلیم کی ذمہ داری اٹھانا محض سماجی خدمت نہیں بلکہ ایک عظیم انسانی اور اخلاقی فریضہ ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ کسی بھی بچے کو محض وسائل کی کمی کے باعث تعلیم اور بہتر مستقبل کے مواقع سے محروم نہیں ہونا چاہیے۔ ریاست ایسے درد مند اور باہمت افراد کی حوصلہ افزائی کرے گی جو معاشرے کے محروم اور ضرورت مند طبقات کی بہتری کے لیے عملی کردار ادا کر رہے ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے امینہ شفیع کو ان کی سماجی خدمات کے تسلسل اور یتیم بچوں کی کفالت و تعلیم کے لیے حکومت بلوچستان کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بچوں کی تعلیم، تحفظ اور روشن مستقبل کے لیے ان کی کوششوں میں صوبائی حکومت اپنا کردار ادا کرے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے معاشرے کے مخیر حضرات اور صاحبِ استطاعت افراد پر بھی زور دیا کہ وہ یتیم اور بے سہارا بچوں کی تعلیم، تربیت اور کفالت کے لیے آگے آئیں اور اس کارِ خیر میں اپنا حصہ ڈالیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک بچے کی زندگی میں امید کا چراغ روشن کرنا درحقیقت پورے معاشرے کے مستقبل کو روشن کرنے کے مترادف ہے۔
