نومبر 1, 2026

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا یومِ آزادی گلگت بلتستان پر عوام کو مبارک باد کا پیغام

0
cmm

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یومِ آزادی گلگت بلتستان کے موقع پر وہاں کے عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم نومبر 1947ء گلگت بلتستان کی تاریخ کا ایک اہم اور یادگار دن ہے۔

اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی بہادری، قربانیاں اور عزم ہماری قومی تاریخ کا قابلِ فخر باب ہیں۔ عوام نے آزادی کے حصول کے لیے لازوال جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کی تاریخ رقم کی۔

میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان پاکستان کا اہم حصہ اور قومی وحدت و یکجہتی کی خوبصورت علامت ہے۔ خطے کی منفرد ثقافت، روایات اور قدرتی حسن پاکستان کے قومی تشخص کا قیمتی سرمایہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی میں گلگت بلتستان کے عوام کا کردار قابلِ تحسین ہے، جبکہ ان کی حب الوطنی اور پاکستان سے وابستگی قومی اتحاد کی مضبوط بنیاد ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی تمام اکائیوں کے درمیان محبت، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کے رشتوں کو مزید مستحکم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے دعا کی کہ گلگت بلتستان ہمیشہ امن، ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے