ڈیجیٹل پارلیمنٹ صرف جدید ٹیکنالوجی کا استعمال نہیں بلکہ پارلیمانی اداروں کو زیادہ شفاف، قابلِ رسائی، مؤثر اور عوام کے قریب بنانے کا عمل ہے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری
اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کی چیئرپرسن سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کی سینیٹ موبائل ایپلی کیشن کی افتتاحی تقریب میں شرکت
اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس میں سینیٹ آف پاکستان کی موبائل ایپلی کیشن کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کی چیئرپرسن سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے بھی شرکت کی۔
تقریب کا موضوع ’’ڈیجیٹل پارلیمنٹ کی جانب ایک قدم‘‘ تھا۔ اس موقع پر سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے سینیٹ موبائل ایپلی کیشن کے اجرا کو پارلیمانی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور عوام کو پارلیمانی امور تک آسان رسائی فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے پارلیمانی کارروائی، قانون سازی سے متعلق معلومات، ڈیجیٹل آرکائیوز اور دیگر اہم پارلیمانی معلومات شہریوں تک زیادہ آسانی اور تیزی سے پہنچائی جا سکتی ہیں۔
سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں پارلیمنٹ اور عوام کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ شفافیت، جوابدہی اور عوامی شمولیت جمہوری اداروں کی مضبوطی کے بنیادی ستون ہیں، جبکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز ان مقاصد کے حصول میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پارلیمنٹ صرف جدید ٹیکنالوجی کا استعمال نہیں بلکہ پارلیمانی اداروں کو زیادہ شفاف، قابلِ رسائی، مؤثر اور عوام کے قریب بنانے کا عمل ہے۔
سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے سینیٹ موبائل ایپلی کیشن کے اجرا کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے شہریوں کو پارلیمانی عمل کو سمجھنے اور اس سے جڑنے کے مزید مواقع میسر آئیں گے
