کوئٹہ کی ماضی کی خوبصورتی بحال کرنے کے لیے جامع حکمت عملی پر عملدرآمد کا فیصلہ
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت کوئٹہ کی ترقی، خوبصورتی اور جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کی تاریخی شناخت اور ماضی کی خوبصورتی بحال کرنے کے لیے جامع حکمت عملی پر عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ حکام کی جانب سے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پیکج کے تحت 12 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، 7 منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ 5 نئے منصوبے بھی تجویز کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے جاری منصوبوں پر کام مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو نئے تجویز کردہ منصوبوں پر بھی بلا تاخیر کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کوئٹہ صوبے کا چہرہ ہے، شہر کی ترقی، خوبصورتی اور بنیادی سہولیات کی بہتری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ کوئٹہ کو جدید، خوبصورت اور بہتر شہری سہولیات سے آراستہ شہر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ کی تاریخی شناخت اور ماضی کی خوبصورتی کی بحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ شہر کی تزئین و آرائش کے منصوبوں کو محض کاغذی کارروائی تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں نتیجہ خیز بنایا جائے۔
انہوں نے کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے منصوبوں میں معیار اور رفتار دونوں کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ کوئٹہ میں سڑکوں، انفراسٹرکچر اور شہری سہولیات کی بہتری کے ساتھ ساتھ شہر کی خوبصورتی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کی ترقی محض تعمیراتی منصوبوں تک محدود نہیں بلکہ حکومت کا مقصد صوبائی دارالحکومت کو ایک منظم، جدید اور خوبصورت شہر بنانا ہے۔
اجلاس میں کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت جاری منصوبوں کی رفتار، معیار اور آئندہ کے ترقیاتی اقدامات سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا
