وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کی ہدایت پر معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے اہلِ سنت کے علمائے کرام سے ملاقات کی
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کی ہدایت پر معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے اہلِ سنت کے علمائے کرام سے ملاقات کی، جس میں ربیع الاول اور عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس کے انتظامات، سیکیورٹی اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے دوران عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے اور جلوس کے شرکا کو فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی سمیت دیگر انتظامات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر علمائے کرام نے صوبائی حکومت کی جانب سے کیے گئے انتظامات اور سیکیورٹی اقدامات کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔
علمائے کرام نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کا جلوس بھرپور مذہبی جوش و جذبے، عقیدت اور احترام کے ساتھ منعقد کیا جائے گا۔ اہلِ اسلام جشنِ آمدِ رسولِ اکرم ﷺ کے موقع پر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ تقریبات میں شرکت کریں گے۔
علمائے کرام نے صوبائی حکومت کے بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں جلوس کے دوران امن و امان، سیکیورٹی اور دیگر انتظامی امور کو مؤثر انداز میں یقینی بنانے کے لیے بھی مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات پر ربیع الاول کے دوران جلوس منتظمین کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس کے لیے سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات کو مؤثر بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
