کوئٹہ: دہشتگردوں نے تعمیراتی کام میں مصروف نہتے اور بے گناہ مزدوروں کو نشانہ بنایا، وزیرداخلہ میر ضیاء اللہ لانگو
کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے ضلع پشین کے علاقے سرانان بازار میں تعمیراتی کام میں مصروف مزدوروں پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مزدوروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں میر ضیاء اللہ لانگو نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے تعمیراتی کام میں مصروف نہتے اور بے گناہ مزدوروں کو نشانہ بنایا، جو ایک بزدلانہ اور انسانیت دشمن فعل ہے۔
وزیر داخلہ بلوچستان نے کہا کہ معصوم اور محنت کش مزدوروں کو نشانہ بنانا دہشت گردوں کی سفاکیت کا ثبوت ہے۔ بے گناہ مزدوروں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ امن دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ دہشت گرد بلوچستان کے امن، ترقی اور عوام کے حوصلوں کو کمزور نہیں کر سکتے۔ حکومت امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
