میونسپل کمیٹی ماتلی کی جانب سے چیئرمین حاجی رضوان قائمخانی کی سربراہی میں جشن میلاد النبی ﷺ کی پروقار تقریب کا انعقاد
ماتلی : میونسپل کمیٹی ماتلی کی جانب سے چیئرمین حاجی رضوان قائمخانی کی سربراہی میں جشن میلاد النبی ﷺ کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں سیاسی و سماجی شخصیات، منتخب نمائندوں، معززین شہر اور شہریوں نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران حضور اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت کی خوشی میں عقیدت و احترام کا اظہار کیا گیا اور آپ ﷺ کی سیرت طیبہ اور تعلیمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ کی آمد پوری انسانیت کے لیے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔ آپ ﷺ کی سیرت مبارکہ انسانیت کے لیے بہترین نمونہ اور زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی کا ذریعہ ہے۔ آپ ﷺ نے معاشرے میں عدل و انصاف، مساوات، اخوت، محبت، امن، رواداری اور انسانیت کی خدمت کا درس دیا۔مقررین نے کہا کہ آج کے دور میں امت مسلمہ کو چاہیے کہ وہ حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائے اور آپ ﷺ کے اسوۂ حسنہ پر عمل کرتے ہوئے معاشرے میں بھائی چارے، برداشت اور محبت کو فروغ دے۔ انہوں نے کہا کہ میلاد النبی ﷺ منانے کا مقصد صرف خوشی کا اظہار نہیں بلکہ سیرت رسول ﷺ کو سمجھنا اور آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے کا عہد بھی ہے۔تقریب کے دوران شرکاء نے حضور اکرم ﷺ سے اپنی والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔ تقریب میں میونسپل کمیٹی ماتلی کے چیئرمین ماتلی حاجی رضوان قائمخانی،وائس چیئرمین قاضی عبدالوهاب، پی پی رہنما و مونسپل کونسلرز عبدالرحمان ہالیپوتہ، غلام محی الدین کمبوہ، سیاں کشمیری، رئیس کرم اللہ نظامانی، ابایو چوہان،تاجران رہنما راؤ مجاہد راجپوت، بلال شمشیر راجپوت، علی نواز کشمیری، چیف آفیسر عتیق قائمخانی، سائیں جان محمد جت، بلال تاج کمبوہ، بہرام پِتافی، شاکر چانڈیو، نعمان کمبوہ سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔
