اگست 18, 2026

8 اگست بلوچستان کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، جس کے زخم آج بھی ہمارے دلوں میں تازہ ہیں.وزیر اعلیٰ بلوچستان

0
Balochistan Chief Minister Sarfraz Bugti discussing successful security operation in Mastung

کوئٹہ، 08 اگست : وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے 8 اگست 2016 کے سانحہ سول ہسپتال کوئٹہ کی دسویں برسی کے موقع پر سانحے کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 8 اگست بلوچستان کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، جس کے زخم آج بھی ہمارے دلوں میں تازہ ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سانحہ سول ہسپتال کوئٹہ میں بلوچستان نے اپنے نامور وکلاء، صحافیوں اور دیگر قیمتی انسانی جانوں سے محروم ہو کر ایک ناقابلِ تلافی نقصان اٹھایا۔ اس المناک سانحے نے نہ صرف متاثرہ خاندانوں بلکہ پورے صوبے کو گہرے صدمے سے دوچار کیا۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بلوچستان کے عوام، وکلاء، صحافیوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر طبقات نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ شہداء کی قربانیاں ہماری قومی جدوجہد کا حصہ ہیں اور ان کی یاد ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ابھی جاری ہے اور حکومت بلوچستان امن، استحکام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے ریاستی ادارے اور عوام متحد ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے سانحہ 8 اگست کے تمام شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کے خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا وزیر اعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سانحہ 8 اگست کے تمام شہداء سمیت دہشت گردی کے تمام شہداء کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے