سورینج کوئلہ کان حادثہ: وزیراعلیٰ بلوچستان کا سخت نوٹس، فوری انکوائری رپورٹ طلب
کوئٹہ، 31 جولائی: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سورینج میں پیش آنے والے کوئلہ کان کے افسوسناک حادثے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے محکمہ مائنز اینڈ منرلز سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیراعلیٰ نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے کان کنوں کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔
میر سرفراز بگٹی نے محکمہ مائنز اینڈ منرلز کو ہدایت جاری کی کہ حادثے کی مکمل، شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، واقعے کی وجوہات کا تعین کیا جائے اور تفصیلی رپورٹ فوری طور پر پیش کی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر تحقیقات کے دوران کسی بھی سطح پر غفلت، لاپرواہی یا حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی ثابت ہوئی تو ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت دی کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مالی اور انتظامی معاونت فراہم کی جائے تاکہ انہیں مشکل وقت میں بھرپور سہارا مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ کان کنوں کی جانوں کا تحفظ حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے، لہٰذا صوبے بھر کی تمام کوئلہ کانوں میں حفاظتی معیارات اور مائننگ قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انسانی جانوں کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اور پائیدار اقدامات کیے جائیں گے۔
