وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری اور بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں پی پی ایچ آئی بلوچستان کی جانب سے بنیادی مراکز صحت کی مسلسل نگرانی کا عمل جاری ہے۔
اسی سلسلے میں ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی گوادر ڈاکٹر مرشد دشتی نے بنیادی مرکز صحت (بی ایچ یو) پلّیری کا تفصیلی مانیٹرنگ دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے طبی و پیرامیڈیکل عملے کی حاضری، او پی ڈی رجسٹر، ای پی آئی (توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات) کے انتظامات، ادویات کے دستیاب ذخیرے، ریکارڈ کی دیکھ بھال اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
معائنے کے دوران تمام طبی و معاون عملہ اپنی ڈیوٹی پر موجود پایا گیا، جبکہ بی ایچ یو میں ضروری ادویات کا وافر ذخیرہ بھی دستیاب تھا۔ ڈسٹرکٹ منیجر نے ریکارڈ کی ترتیب اور صحت کی سہولیات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عملے کو ہدایت کی کہ مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور انہیں بروقت، معیاری اور بلا تعطل طبی خدمات فراہم کی جائیں۔
ڈاکٹر مرشد دشتی نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے عوام دوست وژن کے مطابق دور دراز علاقوں کے عوام تک بنیادی صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی پی پی ایچ آئی کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام بنیادی مراکز صحت کی باقاعدہ نگرانی، کارکردگی کا جائزہ اور طبی سہولیات کی مسلسل بہتری کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
