جنگیں صرف میڈیا کی بیان بازی یا سیاسی نعروں سے نہیں جیتی جاتیں بلکہ کامیابی ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے ذریعے حاصل ہوتی ہے.فیلڈ مارشل
اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ جنگیں صرف میڈیا کی بیان بازی یا سیاسی نعروں سے نہیں جیتی جاتیں بلکہ کامیابی ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے ذریعے حاصل ہوتی ہے۔
نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے دورے کے دوران نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے فارغ التحصیل افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج جدید جنگی تقاضوں کے مطابق اپنی حکمت عملی، دفاعی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ تیاری کو مسلسل بہتر اور جدید بنا رہی ہیں تاکہ ہر قسم کے خطرات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔
انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ مستقبل کی عسکری اور سول قیادت کی اعلیٰ معیار کی تربیت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، جو قومی سلامتی، ریاستی اداروں کے استحکام اور مؤثر پالیسی سازی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے زور دیا کہ بدلتے ہوئے جنگی حالات میں واضح اسٹریٹجک سوچ، مؤثر منصوبہ بندی اور پیشہ ورانہ مہارت ہی کامیابی کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے دشمنوں کی ہر سازش اور خفیہ ایجنسیوں کی ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں سے مکمل طور پر باخبر ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ دشمن کے پراکسی نیٹ ورکس کو پاکستان کے امن، استحکام اور معاشی ترقی کو نقصان پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کا ریاست پوری قوت سے مقابلہ کرے گی، جبکہ دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں اور ان کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ "جنگیں میڈیا کی بیان بازی یا سیاسی نعروں سے نہیں بلکہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط سے جیتی جاتی ہیں۔” انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، بلند حوصلے اور مکمل آپریشنل تیاری کے ساتھ ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور اہلیت رکھتی ہیں۔
