نومبر 8, 2026

ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان کے قیام کے لیے دن رات مصروفِ عمل ہیں.بابر یوسفزئی

0
babar-yousaf-zai

معاون برائے داخلہ حکومت بلوچستان بابر یوسفزئی نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اصغر خان اچکزئی کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اصغر خان اچکزئی اپنی مردہ سیاسی ساکھ کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے اس طرح کے بیانات دے رہے ہیں۔ انہیں یہ بات نہیں بھولنی چاہیے کہ عوامی نیشنل پارٹی خود صوبائی حکومت کی اتحادی جماعت ہے بابر یوسفزئی نے کہا کہ الحمدللہ بلوچستان کے ایک ایک انچ پر صوبائی حکومت کی رٹ برقرار ہے۔ ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان کے قیام کے لیے دن رات مصروفِ عمل ہیں اور دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کر رہے ہیں۔ ان اداروں کے اہلکار صوبے میں امن کے قیام کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں، جن کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں انہوں نے کہا کہ کسی شرپسند یا دہشت گرد عنصر کو بلوچستان کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ریاست اور صوبائی حکومت امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں معاون برائے داخلہ بلوچستان نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد، سیاسی مشاورت اور اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہیں، تاہم ایسے فورمز کو صوبائی حکومت اور سیکیورٹی اداروں کے خلاف بے بنیاد تنقید اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے استعمال کرنا مناسب طرزِ عمل نہیں۔ بلوچستان کے حساس حالات سنجیدگی، اتحاد اور مشترکہ قومی ذمہ داری کا تقاضا کرتے ہیں۔
معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت اپنی آئینی اور انتظامی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومت امن و امان کی بحالی، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور صوبے کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں امن کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن صوبے کا امن، عوام کا تحفظ اور ریاست کی رٹ برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے