نومبر 4, 2026

۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بلوچستان میں سیف سٹی منصوبوں کو موثر، فعال اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے مشترکہ تعاون پر اتفاق کیا ہے

0
cm-112

کوئٹہ، 04 نومبر ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بلوچستان میں سیف سٹی منصوبوں کو موثر، فعال اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے مشترکہ تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مراسلے پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے بلوچستان سیف سٹی اتھارٹی کو مستحکم بنانے اور اسے ضروری ادارہ جاتی معاونت فراہم کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں بلوچستان اور پنجاب کی سیف سٹی اتھارٹیز کے مابین جوائنٹ وینچر کے تحت سیکیورٹی مانیٹرنگ کے نظام کو مزید موثر بنانے، تکنیکی معاونت اور تجربات کے تبادلے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان سیف سٹی اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد حمزہ شفقات نے جاری منصوبوں اور پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بلوچستان کے 9 شہروں میں سیف سٹی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ڈی جی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی احسن یونس نے بتایا کہ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی بلوچستان کے عملے کی تربیت، استعداد کار میں اضافے اور جدید تکنیکی معاونت فراہم کرے گی تاکہ صوبے میں سیف سٹی منصوبوں کو موثر انداز میں فعال بنایا جا سکے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیف سٹی منصوبے محض نگرانی کا نظام نہیں بلکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جدید سیکیورٹی انفراسٹرکچر کی بنیاد ہیں۔ بلوچستان میں امن و امان کے قیام، جرائم کی روک تھام اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور موثر سیکیورٹی مانیٹرنگ ناگزیر ہے۔ جدید نگرانی کے نظام سے جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے، مشتبہ سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی اور قانون نافذ کرنے والےاداروں کے فوری ردعمل کو موثر بنانے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبے کے 9 شہروں میں جاری سیف سٹی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور ذمہ داری کے ساتھ منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سیکیورٹی مانیٹرنگ کو موثر بنا کر جرائم کی روک تھام اور امن و امان کی صورتحال میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی اہم ذمہ داری ہے اور وہ سیف سٹی منصوبوں پر پیش رفت کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے بلوچستان سیف سٹی منصوبوں میں تعاون اور معاونت پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبوں کے درمیان ادارہ جاتی تعاون اور تجربات کا تبادلہ عوامی تحفظ کے مشترکہ اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان محمد حمزہ شفقات نے اجلاس کو بتایا کہ سیف سٹی منصوبوں کی تکمیل سے 9 شہروں میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سیکیورٹی مانیٹرنگ کا نظام قائم ہوگا، جس سے جرائم کی روک تھام، مشتبہ سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں اضافہ ممکن ہوگا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد حمزہ شفقات، انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر خان، ڈائریکٹر جنرل بلوچستان سیف سٹی اتھارٹی محمد اشفاق، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیر اعلیٰ عمران زرکون، سیکرٹری خزانہ جہانگیر خان، سیکرٹری آئی ٹی ایاز خان مندوخیل سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے