چیف سیکرٹری بلوچستان کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس، انتظامی امور اور محکموں کی ڈیجیٹائزیشن کا جائزہ
کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سرکاری محکموں میں خالی آسامیوں، ڈیجیٹائزیشن، سرکاری گاڑیوں کے استعمال اور دیگر اہم انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری شکیل قادر خان نے کہا کہ عوامی خدمت تمام سرکاری محکموں کی بنیادی ذمہ داری ہے اور انتظامی کارکردگی کا اصل معیار عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور ان کے مسائل کا بروقت حل ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی شکایات کو محض دفتری کارروائی تک محدود رکھنے کے بجائے ان کے عملی ازالے کو ترجیح دی جائے اور سرکاری محکموں کے ہر سطح پر ذمہ داری، شفافیت اور جواب دہی کو یقینی بنایا جائے۔
چیف سیکرٹری نے تمام سرکاری محکموں میں ڈیجیٹائزیشن کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے فائلوں کی نقل و حرکت اور دفتری امور کی انجام دہی میں تیزی لائی جا سکتی ہے، جس سے غیر ضروری تاخیر کا خاتمہ اور عوام کو خدمات کی بروقت اور آسان فراہمی ممکن ہوگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محکمے اپنے دفتری نظام کو بتدریج ڈیجیٹل خطوط پر استوار کریں۔
سرکاری وسائل کے استعمال سے متعلق انہوں نے کہا کہ سرکاری وسائل عوام کی امانت ہیں اور ان کا استعمال قواعد و ضوابط اور عوامی ضروریات کے مطابق ہونا چاہیے۔ دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال کے ذریعے عوام کو بہتر خدمات فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔
خالی آسامیوں پر بھرتیوں کے حوالے سے چیف سیکرٹری نے کہا کہ بھرتیوں کے عمل میں مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے تاکہ میرٹ اور شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے اہل اور حق دار امیدواروں کو ان کا جائز حق مل سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ متعلقہ قواعد و ضوابط کی پابندی اور مؤثر نگرانی بھی ضروری ہے تاکہ بھرتیوں کے عمل پر امیدواروں کا اعتماد مضبوط ہو۔
اجلاس میں سرکاری محکموں کی انتظامی کارکردگی بہتر بنانے، وسائل کے مؤثر استعمال اور عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید سہل اور تیز بنانے کے حوالے سے اہم امور زیر غور آئے۔
