بدین میں مریض کو بدین سے کراچی لے جانے والی ایمبولینس انڈس اسپتال کراچی کے قریب الٹ گئی
ماتلی (رپورٹ دلمراد کمبوہ) بدین میں مریض کو بدین سے کراچی لے جانے والی ایمبولینس انڈس اسپتال کراچی کے قریب الٹ گئی حادثے کے نتیجے میں ایمبولینس میں سوار مریض عثمان نہڑیو جاں بحق جبکہ ایک خاتون سمیت دیگر افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق بدین کے قریب گاؤں جرار نہڑیو کے رہائشی عثمان نہڑیو کو انڈس اسپتال بدین سے مزید علاج کے لیے کراچی منتقل کیا جا رہا تھا کہ انڈس اسپتال کراچی کے قریب ایمبولینس اچانک الٹ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں مریض عثمان نہڑیو جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کے ہمراہ جانے والی خاتون الہ بچائی شدید زخمی ہوگئیں جنہیں تشویشناک حالت میں علاج کے لیے کراچی منتقل کردیا گیا۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے عثمان نہڑیو کے بیٹے علی احمد نہڑیو نے ٹائم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ انڈس اسپتال بدین کی جانب سے فراہم کی گئی کراچی کی نجی کمپنی کی نعمت ایمبولینس کا ڈرائیور تنویر مبینہ طور پر نشے کی حالت میں تھا جس کے باعث ایمبولینس بے قابو ہوکر الٹ گئی۔ انہوں نے کہا کہ حادثے میں ان کے والد جاں بحق جبکہ دیگر افراد زخمی ہوئے۔جاں بحق عثمان نہڑیو کے بیٹوں عبدالستار نہڑیو، علی احمد نہڑیو، داماد عبدالکریم نہڑیو اور دیگر ورثاء نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مبینہ طور پر نشے کی حالت میں ایمبولینس چلانے والے ڈرائیور کے خلاف فوری کارروائی کی جائے واقعے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔ورثاء نے مطالبہ کیا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے ایسے ڈرائیوروں کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے اور نشہ کرنے والے افراد کو ایمبولینس چلانے کی ذمہ داری نہ دی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن ہوسکے۔
